لاہور : ہربنس پورہ میں انتظامیہ کو تجاوزارت کیخلاف آپریشن میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، مشتعل مظاہرین نےٹائر جلا کر کینال روڈ بلاک کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر پورے صوبے میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں لاہور میں سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی دکانوں اور پتھاروں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرالی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیم لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ میں غیر قانونی رہائشی آبادیوں کے خلاف آپریشن کرنے پہنچی تو اہلِ علاقہ نے ٹائر جلا کر احتجاج شروع کر دیا اور ٹیموں کا راستہ روک کرشدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے اینٹی رائٹ فورس کو بلوایاگیا ،دو گھنٹے مذاکرات جاری رہنے کے بعد آپریشن کل تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ملتان ، تجاوزات کیخلاف آپریشن، بیس کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار
اسسٹنٹ کمشنر شالیمار محمد ظہیر کے مطابق مظاہرین کو کاغذات لانے کے لیے کل شام تک کا وقت دیا گیا ہے، ورنہ کل سے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائےگا۔