ایبٹ آباد : سترہ دسمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کیلئے پی پی ایچ آئی ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔
پی پی ایچ آئی ڈاکٹروں نے پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، پولیو کے باعث ایک لاکھ سے زائد بچے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پانچ ماہ سے سرکاری اکاؤنٹ میں پی پی ایچ آئی ملازمین کی تنخواہ موجود ہونے کے باوجود ادا نہیں کی جاسکی، جس کے خلاف ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے عملہ کے درمیان مذاکرات بھی ناکام ہو گئے۔
ڈاکٹروں نے سترہ سے انیس دسمبر کے درمیان شروع ہونے والی پولیو مہم کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا، پولیو مہم کے باعث لاکھوں بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔
دوسری جانب ڈی ایچ او ڈاکٹر قاسم نے پولیو ڈیوٹی نہ کرنے والے ڈاکٹروں کو ملازمت سے فارغ کرنے کا عندیہ دے دیا۔