لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کا انعقاد صوبائی دارالحکومت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی میں کیا جارہا ہے۔
مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی ہیں۔ مہم میں 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں۔
پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ ٹیمیں 70 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف پورا کریں گی، مہم کے لیے پولیو ورکرز کو کووِڈ 19 ایس او پیز پر خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
سندس ارشاد کا کہنا تھا کہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب کے تمام ماحولیاتی نمونے منفی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کی ضرورت ہے، توجہ اعلیٰ معیار کی مہمات پر مرکوز رکھی جائے گی۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنائیں۔