کراچی : انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے والدین سے اپیل کی بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
تقریب میں وزیرصحت ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو،چیف سیکریٹری،آئی جی اوردیگرشریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے، 10.6 ملین بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ کراچی میں 2.76 ملین بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی اسکول ، شاپنگ مال اورٹرانزٹ پوائنٹس پر بھی ویکسین فراہمی یقینی بنائی جائے، پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے 25 ہزار 360 پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔
مراد علی شاہ نے والدین کو پیغام دیا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف ویکسین ہی معذوری سے بچا سکتی ہے، یہی ویکسین دنیا سے پولیو کے خاتمے کا سبب بنی۔
انھوں نے کہا حج و عمرہ پر جانے والے افراد کو بھی یہی پولیو ویکسین دی جاتی ہے، بار بار پولیو ویکسین پلانے سے نقصان نہیں بلکہ بچے کو مزید تحفظ ملتا ہے۔