کراچی : کراچی سمیت سندھ بھر میں7 روزہ ہنگامی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، پولیو مہم کے دوران 6.6 ملین بچوں کوقطرے پلائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ انسدادپولیوافتتاحی مہم وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، چیف سیکریٹری ، ایڈیشنل آئی جی اور سیکریٹری صحت نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مہم 24 تا 30 اکتوبر تک صوبے کے 21 اضلاع میں جاری رہےگی اور مہم کے دوران 6.6 ملین بچوں کوقطرے پلائے جائیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس مہم میں 17ہزار859 پولیو ٹیمیں حصہ لیں گی، والدین 5 سال تک کے بچوں کو پولیو سے کے قطرے لازمی پلائیں اور پولیو ٹیم کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
انھوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر اپنے مستقبل کے معماروں کو محفوظ رکھنا ہے، پاکستان پولیو سے پاک نہیں ہوا،اس کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے، ہمیں پولیو سے پاک سندھ، پولیو فری پاکستان بنانا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے چند یوسیز میں ہیلتھ ورکرز کے بائیکاٹ کے باعث مہم شروع نہ ہوسکی۔
خیال رہے ملیر بختاورگوٹھ میں پولیووائرس موجودگی کی اطلاع پر 39 یوسیز کو ریڈ الرٹ کیا گیا تھا جبکہ رسک الاؤنس بند کیے جانے کے بعد سے ہیلتھ ورکرز بائیکاٹ پر ہیں۔