کراچی : کراچی سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، مہم میں 23 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی جائےگی، کراچی میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس گزشتہ دنوں لیاری میں سامنے آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، کراچی سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں انسداد پولیو مہم یکم اپریل تک جاری رہےگی۔
مہم میں 5سال سے کم عمر کے 61 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ، کراچی میں 23 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی جائےگی۔
کراچی میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس گزشتہ دنوں لیاری میں سامنے آیا تھا، 2014میں سندھ میں پولیو کیسسز کی تعداد 30 تھی جبکہ 2018میں سندھ سے صرف ایک پولیو کیس سامنے آیا تھا۔
مزید پڑھیں : ساڑھے 3 سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق
دوسری جانب پنجاب کے 12 حساس اضلاع میں 3 روزہ انسدادپولیو مہم کا آج سے آغاز ہوگا، مہم میں 5سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
صوبہ خیبرپختونخواہ کے پچیس اضلاع میں بھی تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی، انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کے 56 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے 27 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ہربچے کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی۔
مزید پڑھیں : خیبرپختونخواہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز
پولیو ٹیمیں بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، افغان مہاجرین کے کیمپوں اور دیگرعوامی مقامات پرپولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کے لیے دستیاب ہوں گی۔
اسی طرح طورخم میں بھی پاک افغان سرحد پرانسداد پولیو مہم شروع ہوگئی تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پھیلنے والے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔
حکومت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے دوران ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا کے مطابق کراچی، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبد اللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی۔
گزشتہ ماہ کراچی کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے سبب محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار ویکسین سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔