لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دیں، سی ٹی ڈی لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ لاہور کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 12 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں، 4 ملزمان کو 2 سال قید، جرمانہ اور آٹھ ملزمان کو 5 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔
ملزمان پر کالعدم تنظیموں کے لیے چندہ جمع کرنے کا الزام تھا، ملزمان کے خلاف 2 کالعدم جماعتوں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے مقدمات درج تھے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، اور رحیم یار خان سے گرفتار کیا گیا تھا، کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار
یاد رہے کہ پانچ روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد برآمد کیا تھا، جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، چندہ اکٹھا کرنے کی پرچیاں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا تھا، ملزمان نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
اس سے قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر،عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا۔