لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کرم میں ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو، عدالت کی عمارت میں کیمپ قائم ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوران آپریشن آبادی کے تحفظ کے لیے کیمپ قائم کیے جارہے ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بگن میں گاڑیوں کے قافلے پر حملے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے، حملے میں لاپتا پانچ ڈرائیوروں سمیت 6 افراد کی لاشیں آج ملی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے جس کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا۔
معاہدے کے تحت فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے اور قبائلی تصادم کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا۔