بیجنگ: امریکی سیکریٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں چین کے اسٹیٹ قونصلر بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب وانگ ئی سے ملاقات کی ہے، جس میں چین کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں ٹھوس اور تعمیری بات ہوئی، جس میں انٹونی بلنکن نے مسائل پر بات چیت اور روابط کے تمام چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ مشترکہ مفادات اور مواقع پر بات چیت کی گئی، بلنکن نے چینی حکام کو امریکی خدشات سے بھی آگاہ کیا، اور کہا کہ امریکا اپنے عوام اور اقدار کے لیے ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
ملاقات میں چینی وزیر خارجہ اور قونصل جنرل نے دونوں ملکوں کے درمیان روابط پر زور دیا، انٹونی بلنکن نے چینی رہنماؤں کو امریکا کے دورے کی دعوت بھی دی۔