ممبئی : بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے اہل خانہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، انوپم کھیر نے کہا ہے کہ ان کی والدہ سمیت گھر کے چار افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
کرونا وائرس نے بالی ووڈ اداکاروں کو بھی اپنا شکار بنانا شروع کردیا، بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور ان کے اہل خانہ کے بعد سینئر اداکار انوپم کھیر کا خاندان بھی مہلک ترین وبا کی لپیٹ میں آگیا۔
اداکار نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ میری والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی میں کوویڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے، والدہ کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں قرنطینہ میں منتقل کردیا تھا جس کے بعد گھر کے دیگر افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تاہم میرا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب گھر کے چار افراد یوں عالمی وبا سے متاثر ہوجائیں تو انسان خوف اور مایوسی میں مبتلا ہوجاتا ہے، تو ایسے میں مداحوں کے پیار سے بہت ڈھارس ملی۔
امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کرونا سے متاثر، اسپتال منتقل
خیال رہے کہ دو روز قبل بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار 77 سالہ امیتابھ بچن اور اُن کے صاحبزادے اببھیشیک بچن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔