اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک جماعتوں نے الیکشن کو مسترد کردیا، دوبارہ انتخابات کرانے کے لیے تحریک چلائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق وفاقی دارالحکومت میں آل پارٹیز کانفرنس کا جمعیت علماء اسلام ف اور مسلم لیگ ن کی جانب سے کیا گیا جس میں نامور سیاسی شخصیات نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلزپارٹی نے آخری وقت میں انکار کیا۔
آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اے پی سی کی میزبانی شہبازشریف نے کی، شرکت کرنے والی تمام جماعتوں نے الیکشن اور نتائج کو مسترد کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 25جولائی کا الیکشن عوامی مینڈیٹ پرڈاکاہے، دوبارہ شفاف انتخابات کرانےکے لیے تحریک چلائیں گے، اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو تمام جماعتوں کے کارکنان کو متحرک کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں تمام جماعتوں نے اتفاق کیا کہ کوئی بھی رکن حلف نہیں اٹھائے گا البتہ شہباز شریف نے اس کی مخالفت کی، پارلیمنٹ کے اندر الیکشن کمیشن کو اختیارات دیے اور اب ملک میں ازسر نو جمہوریت کی بحالی کے لیے ہم سب آگے بڑھیں گے اور دیکھیں گے کہ یہ لوگ ایوان کس طرح چلائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کل اپنی پارٹی سے مشاورت کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی سےبھی رابطہ کیا جائے گا اُس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
بعد ازاں شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام جماعتیں متفق ہیں کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، اگلےچندروزمیں آئندہ کےلائحہ عمل کااعلان کریں گے‘۔