جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

کرونا وائرس: پنجاب میں مزید اہم فیصلے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے مزید اہم فیصلے کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت آج لاہور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سول اور عسکری سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر اظہار تشویش کیا گیا۔

شرکا نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کےلیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورت حال یہی رہی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے۔

اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے تحفظ کے لیے عسکری و سول قیادت مل کر کاوشیں جاری رکھے گی، اسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ماسک پہننے کی پابندی پر دفاتر، عوامی مقامات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں مارکیٹس، بازاروں اور عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے کی تجویز دی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر عمل درآمد کیا جائے گا، معاشی سرگرمیوں کو بند کیے بغیر ایس او پیز کی پابندی یقینی بنائی جائے گی، اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کے علاقوں میں آمد و رفت مزید محدود کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم کرونا کی دوسری تشویش ناک لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کر کے پسپا کرنا چاہتے ہیں، مزدور طبقے کے معاشی مسائل مدنظر رکھ کر ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں، ہماری توجہ اب اسپتالوں میں کرونا مریضو ں کے لیے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے پر ہے۔

اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب میں کرونا کی صورت حال جون 2020 کی سطح پر پہنچ گئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولتوں میں اضافہ کیا گیا، پنجاب کے اسپتالوں میں 207 نئے وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا۔

دریں اثنا، ایپکس کمیٹی نے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کور کمانڈر نے کرونا و دیگر چیلنجز میں بھرپور تعاون کیا، ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں