دیر : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور پاک فوج باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی.
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کی خصوصی ہدایت پردیرکی باصلاحیت سائیکلسٹ ثمرخان کو تنزانیہ میں ماؤنٹین سائیکلنگ ایونٹ میں شرکت کے لیے مالی اخراجات اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے.
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دیر سے تعلق رکھنے والی ماؤنٹین سائیکلسٹ ثمرخان سے ملاقات میں آرمی چیف کا پیغام کا پہنچایا اور تنزنیہ میں ہونے والے بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے لیے مالی تعاون اور سفری اخراجات اُٹھانے کی یقین دہانی کرائی.
پاک فوج کی جانب سے مالی معاونت ملنے کے بعد ثمرخان تنزانیہ میں ماؤنٹین سائیکلنگ کے ایونٹ میں شریک ہوں گی اور پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلے خاتون ماؤنٹین سائیکلسٹ بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گی.
خیال رہے کہ پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والی اور کم وسائل کی حامل ثمرخان قراقرم رینج کے گلیشیئر پر سائیکل چلانے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو اب پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افریقہ کی کلی منجاروکی بلند چوٹی پرسائیکلنگ کریں گی.
ثمر خان اس سے قبل بھی کئی اعزازات حاصل کرچکی ہیں اگر اس باہمت لڑکی کو وسائل مہیا کیئے جائیں اور حکومتی سطح پر تعاون کیا جائے تو باصلاحیت ثمر خان پاکستان کے لیے کئی میڈلز لاسکتی ہیں.