کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کے باعث خون کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے خون کی کمی کے باعث خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیات جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے، خالد مقبول صدیقی نے شہریوں سے عطیات دینے کی اپیل کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کے کے ایف کے تحت خون کے عطیات کا کیمپ منعقد کیا گیا، جہاں خون عطیہ کرنے والوں کی رجسٹریشن اور مکمل اسکریننگ کے بعد خون لیا جا رہا ہے، خون جمع کرنے کے ساتھ ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے بھی تمام حفاظتی اقدامات اپنائے گئے، بتایا گیا کہ یہ عطیات مختلف اسپتالوں میں قائم بلڈ بینکس کو فراہم کیے جائیں گے۔
کیمپ میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان نے اپنے خون کا عطیہ دیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ قطاریں خون لینے والوں کی نہیں بلکہ دینے والوں کی ہے، ملک میں زلزلہ، سیلاب یا کوئی بھی قدرتی آفت آئی ہو ایم کیو ایم نے اپنا کردار ادا کیا۔
گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ
کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے خون کے عطیہ میں واضح کمی آئی، جس کے لیے یہ مہم شروع کی گئی جو آیندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے اس شہر سے اربوں روپے کمائے اب وقت ہے عوام پر وہ پیسہ خرچ کریں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے بجلی کے بل کو آدھا کیا جائے، دریں اثنا، ایم کیو ایم کی جانب سے ناظم آباد، گلبہار ٹاؤن میں مستحقین مین امدادی سامان کے کیمپ بھی لگائے گئے، خالد مقبول کا کہنا تھا کہ مستحقین کو ان کے گھروں پر راشن پہنچایا جائے گا۔