حلب: شام میں امدادی کاموں میں تاخیر پر ایک شامی خاتون کی دُہائی سامنے آ گئی ہے، خاتون نے روتے ہوئے دنیا بھر سے امداد کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک مصیبت شامی خاتون نے ویڈیو میں دنیا بھر سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے دُہائی دی ہے کہ ساری امداد ترکیے جا رہی ہے، لیکن زلزلے کے بعد کوئی ہماری مدد نہیں کر رہا ہے۔
ویڈیو میں خاتون نے کہا کہ 7 سال سے جنگ زدہ متاثرہ علاقے میں پہلے ہی نہ پانی ہے نہ بجلی ہے اور نہ ہی گیس، جب کہ اشیائے ضروریہ کی بھی شدید قلت ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ زلزلے کے بعد کسی ایک شخص نے بھی ان کی مدد نہیں کی ہے، ترکیے میں آنے والے زلزلے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لڑکی نے کہا کہ ہماری بھی مدد کی جائے۔
ترکیہ اور شام میں قیامت خیز زلزلہ: اموات کا سلسلہ نہ تھم سکا، تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئیں
واضح رہے کہ سی سی این نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ تباہ کن زلزلے کے شامی متاثرین اُس سیاست کے یرغمال بن سکتے ہیں، جس نے شام کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے تقسیم کر رکھا ہے۔ تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی امداد کے سلسلے میں کہیں شام پیچھے نہ رہ جائے۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ کو درجنوں ممالک سے حمایت اور امداد موصول ہوئی ہے، تاہم شام تک رسائی کم پرجوش رہی ہے، جس سے یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ شامی متاثرین نظر انداز ہو سکتے ہیں۔