اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی، نئے فیچرز کیا کیا ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

کیلیفورنیا: ایپل نے آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی، یہ سیریز اس بار طاقت ور کیمرے، ٹائٹینیم ڈیزائن اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے ساتھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایپل کمپنی نے گزشتہ روز منگل کو آئی فون 15 سیریز متعارف کرا دی ہے، جس میں آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس شامل ہیں۔

ایپل نے آخر کار آئی فونز میں اپنی لائٹننگ پورٹ ہٹا دی ہے، یعنی اب صارفین آئی فون کو جدید اینڈرائیڈ فونز کے چارجر سے بھی چارج کر سکیں گے، یہ آئی فون سیریز کے ڈیزائن میں کی گئی تبدیلیوں میں سب سے بڑی تبدیلی ہے۔

- Advertisement -

iPhone 15 اور iPhone 15 Plus پانچ شان دار نئے رنگوں میں دستیاب ہوں گے: گلابی، پیلا، سبز، نیلا اور سیاہ۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ انڈسٹری میں پہلی بار آئی فون پندرہ میں پیچھے کا شیشہ رنگ آمیز استعمال کیا گیا ہے۔

اسٹینڈرڈ اور پرو دونوں طرح کے ماڈلز میں کمپنی نے ڈیزائن سے لے کر فیچرز تک بہت سی تبدیلیاں کی ہیں۔ آئی فون 15 سیریز میں میوٹ سوئچ بٹن کی جگہ ایکشن بٹن کا استعمال کیا گیا ہے، جو صارفین کو بہت سی نئی سہولیات فراہم کرے گا، جس میں کئی کمانڈ سیٹ کیے جا سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ صارفین کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا، ایکشن بٹن کی مدد سے ایکسیسبیلٹی فیچرز تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے، کیمرہ لانچ کیا جا سکتا ہے، ٹارچ آن کر سکتے ہیں اور کئی دوسرے کام بھی۔

ایک اور قابل ذکر تبدیلی جس کا ایپل نے اعلان کیا ہے وہ ہے فرنٹ پر پنچ ہول ڈسپلے ڈیزائن کا اضافہ۔ ایپل نے پچھلے سال آئی فون 14 پرو ماڈلز کے آغاز کے ساتھ پہلی بار پنچ ہول ڈسپلے متعارف کرائی تھی اب اسے تمام ماڈل میں فراہم کر دیا گیا ہے۔

آئی فون 15 پرو سیریز

اس میں دو ہینڈ سیٹس ہیں اور دونوں کی اسکرین کے سائز مختلف ہیں، اس میں 6.1 انچ ڈسپلے ہے اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ اسکرین ہے۔ دونوں ہینڈ سیٹس کا ریفریش ریٹ 120Hz ہوگا، جو گیمنگ کا بہتر تجربہ اور اسکرولنگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔

اس سیریز میں بیک پینل پر ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ ہے، جس میں پرائمری کیمرہ لینس 48MP کا ہے، اس نے 24mm فوکل لینتھ کے ساتھ f/1.78 اپرچر استعمال کیا ہے، اس کیمرہ سیٹ اپ کے ساتھ سیکنڈ جنریشن سینسر- شفٹ او آئی ایس فراہم کیا گیا ہے۔ آپٹیکل زوم کے ساتھ ساتھ lidAr اسکینر بھی فوکس کے لیے دستیاب ہوگا، جو کم روشنی میں فوٹو گرافی کا بہتر فیچر فراہم کرے گا۔ بیک پینل پر الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ لینس کے ساتھ میکرو کیمرہ سینسر بھی ہے۔

قیمتیں

آئی فون 15 کی قیمت امریکا میں 799 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 35 ہزار روپے)، اور آئی فون 15 پلس کی قیمت 899 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 65 ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔

آئی فون 15 پرو کی امریکا میں ابتدائی قیمت 999 ڈالر رکھی گئی ہے، جب کہ آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالر ہوگی، یہ نئے آئی فون امریکا میں 22 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں