امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے آئی فون صارفین کو متوجہ کرنے کیلیے نئے آئی فونز کو متعارف کرانے کے طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کررہی ہے۔
آئی فون متعارف کرانے کا روایتی انداز اب پرانا ہوجائے گا کیونکہ ایپل کمپنی آئندہ سال 2026سے آئی فونز کو دو مرحلوں میں متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے 2026 سے نئے آئی فونز متعارف کرانے کے سلسلے کو 2 مراحل میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کمپنی کے اس اقدام کا مقصد آئی فون صارفین کی آسانی کے ساتھ مارکیٹ میں اپنا تسلسل قائم رکھنا، منافع کو متوازن کرنا اور جغرافیائی انحصار کو کم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے ماڈلز کو 2 مراحل میں متعارف کرایا جائے گا اور ہر مرحلے کے درمیان 6 ماہ کا وقفہ ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے پہلے آئی فون 18 سیریز کے پرو ماڈلز کو معمول کے مطابق ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا جبکہ سستے آئی فون 18 ماڈلز 2027 کے موسم بہار میں پیش کئے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق امکان ہے کہ پرو ماڈلز کے ساتھ 2026 میں ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔اسی طرح ایپل کی جانب سے رواں سال سب سے پتلے آئی فون 17 ایئر کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔
نئی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 17 ایئر کے نئے ماڈل کو 2026 میں بھی پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کمپنی سستے آئی فونز کی پروڈکشن بھارت منتقل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ چین پر انحصار کم ہو سکے اور امریکی ٹیرف کے اثرات سے بچا جا سکے۔