کیلیفورنیا : امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ایک نئی پاسورڈز ایپ متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔
مذکورہ ایپ مقبول پاسورڈ منیجرز جیسے لاسٹ پاس اور ون پاسورڈ کا بہترین متبادل ہوسکتا ہے جو صارفین کو ’لاگ ان‘ معلومات کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ورلڈ وائیڈ ڈیویلپرز کانفرنس شروع ہونے میں ابھی کچھ دن باقی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئی پاسورڈز ایپ آئی او ایس، آئی پیڈ او ایس، میک او ایس، ویژن او ایس اور وِنڈوز ڈیوائسز کے تمام پاسورڈز کو منظم کرنے کے لیے کافی ہوگی۔
یہ پلیٹ فارم ایپل ڈیوائسز پر استعمال کیے جانے والے موجودہ آئی کلاؤڈ کی چین کا ایک علیحدہ پلیٹ فارم ہوگا اور لاسٹ پاس اور 1 پاسورڈ جیسی پاسورڈ سروسز کا براہ راست حریف ہوگا۔
بلومبرگ کی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل پاسورڈز اکاؤنٹس، پاس کیز اور وائے فائے نیٹ ورکس کے لیے مختلف کیٹگریز پیش کرے گا۔ یہ ایپ مختلف ڈیوائسز کو جوڑے گی اور اس میں آٹو فِل اور پلیٹ فارم پر سائن اپ کرتے وقت نئے پاسورڈز بنانے کی صلاحیت بھی ہوگی۔