اشتہار

ایپل نے صارفین کو نقصان سے بچانے کے لیے اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کیلیفورنیا: امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کو نقصان سے بچانے کے لیے اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایپل نے اسرائیلی این ایس او گروپ کے خلاف منگل کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں گروپ پر کسی بھی ایپل سافٹ ویئر، سروسز یا آلات کے استعمال کرنے کی ہمیشہ کے لیے پابندی لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔

یہ قدم ایپل صارفین کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، ایپل کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ ایپل ڈیوائسز میں پیگاسس اسپائی ویئر (Pegasus Spyware) کے ذریعے اس کے صارفین کی ایک قلیل تعداد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

ایپل کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ایپل نے این ایس او گروپ اور اس کی بنیادی کمپنی کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا ہے تاکہ اسے ایپل کے صارفین کی نگرانی اور ہدف بنانے کے لیے جواب دہ ٹھہرایا جائے۔ یہ شکایت اس بارے میں نئی معلومات فراہم کرتی ہے کہ کس طرح اس گروپ نے اپنے پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے متاثرین کے ڈیوائسز کو متاثر کیا۔

اپنے صارفین کو مزید نشانہ بننے اور نقصان سے روکنے کے لیے، ایپل نے عدالت سے این ایس او گروپ پر کسی بھی ایپل سافٹ ویئر، سروسز یا ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے مستقل حکم نامہ مانگ لیا ہے۔

این ایس او گروپ ریاستی سرپرستی میں نگرانی کی جدید ترین ٹیکنالوجی بناتا ہے، اس کا انتہائی ٹارگٹڈ جاسوس سافٹ ویئر اپنے متاثرین کا سروے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ اسپائی ویئر iOS اور Android سمیت متعدد پلیٹ فارمز پر لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔

ایپل کے سافٹ ویئر انجینئرنگ کے سینئر نائب صدر کریگ فیڈریگھی نے کہا کہ ایپل ڈیوائسز مارکیٹ میں سب سے زیادہ محفوظ ہارڈویئر ہیں، لیکن سرکاری اسپانسر شدہ اسپائی ویئر تیار کرنے والی نجی کمپنیاں اور بھی زیادہ خطرناک ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت نے اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کو حال ہی میں بلیک لسٹ کیا ہے،اس سافٹ ویئر کے ذریعے ان فونز میں موجود پیغامات، تصاویر، ای میلز، کالز کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فون کے کیمرے کو صارف کے علم میں لائے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے اور گزشتہ چند برسوں سے پیگاسس سافٹ ویئر کو دنیا بھر میں سیاست دانوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے خلاف استعمال کیے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں