لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی، جسٹس ساجد محمود نے متفرق درخواست چیف جسٹس کو واپس ارسال کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے 27 جون کو ہونے والے انتخابات روکنے کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی ہے جس پر عدالت میں سماعت ہوئی، جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی جانب سے متفرق درخواست چیف جسٹس کو واپس ارسال کر دی گئی ہے۔
متفرق درخواست سماعت کے لیے جسٹس تنویر سلطان کو بھجوانے کی سفارش کر دی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زونل انتخابات ہونے جارہے ہیں، عدالت شفاف انتخابات کرانے کے احکامات صادر کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کو روکنے کا حکم دے، درخواست میں کہا گیا کہ معزز عدالت پاکستان کرکٹ بورڈ کے زونل انتخابات کے نتائج کو عدالتی فیصلے تک روکنے کا آرڈر دے۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی کی نگرانی میں 27 جون کو پی سی بی الیکشن ہو رہے ہیں، موجودہ الیکشن سے نجم سیٹھی کی دستبرداری کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ ذکا اشرف چیئر مین پی سی بی کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔