اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن ختم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر وکیل عبدالواحد ایڈوکیٹ نے مسلم لیگ ن کی رجسٹریشن ختم کرنے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف نااہلی کے بعد بطور پارٹی سربراہ کسی بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کو پارٹی اجلاسوں کی صدارت سے روکا جائے اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی نوازشریف کا نام ہٹانے کی ہدایت جاری کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کوٹ میں دائر ہونے والی درخواست کا متن ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیا جانے والا کوئی بھی شخص کسی بھی پارٹی کی سربراہی نہیں کرسکتا لہذا الیکشن کمیشن کو ن لیگ کا نام منسوخ کرنے کی ہدایت دی جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق نااہل شخص کے نام پر سیاسی جماعت قائم نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی ایسا کوئی شخص کسی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کا اہل ہے، سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کے لیے منتخب کیا جو ایک غیر آئینی کام ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ حکومت اور الیکشن کمیشن کو پاناما فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے۔