کراچی: آئی بی اے سکھر سے ٹیسٹ پاس کرنے والے 2 ہزار اساتذہ کی تقرریاں روک دی گئیں ، اساتذہ میں 1100 کا تعلق کراچی سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی بی اے سکھر سے ٹیسٹ پاس کرنے والے اساتذہ کیلئے فارم ڈی تقرری میں رکاوٹ بن گیا، ٹیسٹ پاس کرنے والے 2ہزار اساتذہ کی تقرریاں روک دی گئیں۔
جن میں 1100اساتذہ کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع کے اساتذہ بھی فارم ڈی کی وجہ سے تقرریوں سے محروم ہیں۔
ٹیسٹ میں شرکت سے قبل امیدواروں کے پاس فارم ڈی موجود نہیں تھا،فارم ڈی نہ ہونے کے سبب تقرر نامے روک دیئے گئے ہیں۔
امیدوار کا کہنا ہے کہ نمایاں نمبروں سے امتحان پاس کیا تھا، میٹرک ، انٹر ، گریجوئٹ،ماسٹر جس ضلع سے کیا تھا، ڈومیسائل پی آر سی اور تمام دستاویزات منسلک تھے اور ٹیسٹ میں شرکت کے بعد فارم ڈی بنانے کی درخواست دی تھی۔
ڈی ای او کورنگی لطیف مغل نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں 170امیدواروں کی تقرریاں فارم ڈی کی بنیاد پر روک لی ہیں۔
ڈی ای او ایجوکیشن ٓکا کہنا ہے کہ کراچی میں 1100امیدوار فارم ڈی کی وجہ سے متاثر ہیں، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے،.
محکمہ تعلیم کی جانب سے فارم ڈی میں نرمی کے حوالے سے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو ہدایت کردی گئی ہیں۔