قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو خط لکھ دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے گزشتہ شب تحلیل ہونے کے بعد اتحادی حکومت ختم ہوگئی تاہم نگراں وزیراعظم کی تقرری تک آئینی ضرورت کے تحت شہباز شریف وزیر اعظم کے فرائض منصبی انجام دیتے رہیں گے۔
شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کیا ہے اور راجا ریاض کو خط لکھ کر انہیں آج اس اہم عہدے پر تقرری کے لیے مشاورت کی دعوت دی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کی منظوری سے قومی اسمبلی تحلیل ہو چکی جس کے بعد نگراں وزیراعظم کا تقرر کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
خط میں وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کےتقرر کیلیے مشاورت پوری کرلی ہے اور اب اس عہدے پر تعیناتی کے لیے آئینی ذمے داری پوری کرنے کو تیار ہوں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کیلیے وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 3 دن تک مشاورت ہوسکتی ہے۔ نگراں وزیراعظم کی نامزدگی کیلیے مجموعی طور پر 8 دن کی مدت ہوتی ہے۔
عوام کیلیے خالی خزانہ، منتخب نمائندوں کے لیے شاہی کھانا
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق نہیں ہوتا تو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ نگراں وزیراعظم کے نام پر پارلیمانی کمیٹی میں بھی اتفاق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن جائے گا۔