بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

حکومت نے بیرون ملک 44 نئے ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا عمل شروع کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک 44 نئے ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا عمل شروع کر دیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیز بھی بہ طور ٹریڈ آفیسرز تعینات ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے تجارتی افسران کی بیرون ملک تعیناتی کے سلسلے میں اقدامات شروع کر دیے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو بھی مدِ نظر رکھا گیا ہے۔

ٹریڈ آفیسرز کی اسامیوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 20 فی صد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، امیدواروں کا تحریری امتحان انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن لے گا، بیرون ملک تحریری امتحان کے لیے اسٹیشنز بھی مختص کیے جائیں گے۔

گریڈ 21 کی اسامی پر ایک، گریڈ 20 کی اسامی پر 7 ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے، جب کہ گریڈ 19 کی 26، گریڈ 18 کی اسامیوں پر 9 ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے۔

اوورسیز پاکستانیز کے لیے پاکستانی شہری یا پاکستانی کے ساتھ دہری شہریت لازمی قرار دی گئی ہے، نئے ٹریڈ افسران کو بیرون ملک 3 سال کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں پاکستانی تجارتی مفاد کو فروغ دیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

یہ ٹریڈ افسران واشنگٹن، نیو یارک، شنگھائی، ہانگ کانگ، ریاض، سڈنی، لندن، روم، نیروبی، میڈرڈ، ٹورنٹو، ٹوکیو، تہران، کوالالمپور، جدہ، دبئی، جنیوا، کولمبو، مانچسٹر، جوہانسبرگ اور لاس اینجلس سمیت دیگر ممالک میں تعینات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ مارچ میں ٹریڈ آفیسرز کی پوسٹنگ سے متعلق ایک اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ خطے کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں پاکستان کے تجارتی مفاد کو فروغ دیا جائے۔

اس اجلاس میں ٹریڈ آفیسرز کی اسامیوں کا 20 فی صد کوٹہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مختص کرنے کی منظوری دی گئی تھی، وزیر اعظم نے ٹریڈ آفیسرز کی تعیناتی کا طریقۂ کار بھی بدلنے کی ہدایت کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں