اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر داخلہ کی تقریر میں اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنانے پر اپوزیشن اراکین ناراض ہوگئے اور ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ وزیراعظم ان کو منا کر لے آئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم نواز شریف خود جاکر روٹھی ہوئی اپوزیشن کو منا کرایوان میں واپس لے آئے۔
وزیر داخلہ چودھری نثار نے کوئٹہ دھماکے کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے جہاں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا وہیں وہ جذبات میں آکر اپوزیشن پر شدید تنقید بھی کی۔
انہوں نے پیپلز پارٹی، سابق صدر آصف زرداری اور پی ٹی آئی کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا، بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ان کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واک آوٹ کا اعلان کر دیا جس کے بعد پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
وزیر اعظم نواز شریف پارلیمان میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے خود باہر جاکر روٹھی ہوئی اپوزیشن کو مناکر ایوان میں واپس لے آئے اور خورشید شاہ کو نشست پر لا کر بٹھایا۔