وزیراعظم شہباز شریف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں نے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے نئے ممبران کی منظوری دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کے نئے ممبران کی منظوری دے دی ہے۔ جس میں چوہدری ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کے نام شامل ہیں۔
ذکا اشرف کا نام پیپلز پارٹی کے وفاقی وزیر احسان مزاری کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی چیئرمین کی تقرری پر وفاق میں اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں شدید اختلافات ہوگئے تھے۔ ن لیگ موجودہ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کو اس عہدے پر دیکھنا چاہتی تھی جب کہ پی پی کا موقف تھا کہ وزارت کھیل اس کے پاس ہے اس لیے چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی اس کا حق ہے اور اس کے لیے وہ سابق چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکا اشرف کو دوبارہ لانا چاہتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی پر دونوں جماعتوں میں اختلافات پیدا ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے آج ایک ٹوئٹ میں چیئرمین شپ سے دست برداری کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ آصف علی زرداری اور میاں شہباز شریف کے درمیان جھگڑے کا باعث نہیں بننا چاہتے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال دسمبر میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور نجم سیٹھی کو چار ماہ کے لیے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا سربراہ بنا کر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ اور پی سی بی آئین 2014 کی بحالی کا ٹاسک سونپا تھا۔ بعد ازاں کمیٹی کو دو ماہ کی توسیع بھی دی گئی تھی جو 20 جون کو ختم ہو رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ آج شام کو طلب کی ہوئی ہے جس کی صدارت نجم سیٹھی کریں گے۔