عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو تکنیکی گرانٹ کی منظوری وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے 47 ارب روپے الیکشن کے لیے مانگے تھے۔ کمیشن کی 47 ارب روپے کی گرانٹ منظور نہیں ہوئی تاہم جزوی رقم منظور ہوئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پر میڈیا مہم چلانے کے لیے بجٹ کی منظور دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے لیے ٹیرف سے متعلق سمری بھی زیرِ غور آئی۔
یاد رہے کہ 22 نومبر کو الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا جس میں عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔
اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے تمام ونگز انتخابی منصوبہ بندی کے مطابق تیار ہیں، کمیشن نے بیلٹ پیپرز کے لیے کاغذ حاصل کرلیا اور دیگر ضروری سازو سامان بھی خرید لیا۔