جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے : قوم دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پرعزم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سانحہ اے پی ایس پشاور، پاکستان کی تاریخ کے اندوہناک ترین دن16دسمبر جب سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو بے دردی سے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا، سانحہ اے پی ایس کو ہوئے چار سال گزر گئے لیکن زخم آج بھی تازہ ہیں۔ سانحے کو قوم نے اپنی طاقت بنالیا۔

کراچی سے خیبر تک پوری قوم اپنی پوری طاقت سے دہشت گردی کیخلاف لڑنے کا پختہ عزم کیے ہوئے ہے، قیام امن کا مشن آج بھی قائم ودائم ہے۔ پاک فوج کی کوششوں اور عوام کی ہمت کی بدولت ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوسکی۔

اسی کی بدولت ملک میں امن ہوا اور یہ مثالی جدوجہد ملک سے آخری دہشت گرد کا خاتمہ کرکے ہی رہے گی۔ ملک بھرمیں آج اے پی ایس شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

- Advertisement -

سولہ دسمبر2014 کا تلخ ترین دن جب بزدل دہشت گرد بچوں سے لڑنے آرمی پبلک اسکول پشاور میں داخل ہوئے گولہ بارود اور خودکش جیکٹوں سے لیس امن دشمنوں کی بھڑکائی آگ نے ڈیڑھ سو سے زائد بچوں اور اساتذہ کو زندگی کا چراغ گل کر دیا۔

درجنوں طلباء و اساتذہ زخمی ہوگئے، علم کی شمع بجھانے کا ناپاک ارادہ لے کر دشمن ننھی کلیوں کو مسلنے اسکول کے عقبی راستے سے داخل ہوئے، سفاک درندوں نے اسمبلی ہال اور کلاس رومز میں بے رحمی سے قتل وغارت کا بازار گرم کیا، تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان اسکول پہنچ گئے اور ساتوں دہشت گردوں کو مار گرایا۔

بے قرار والدین جب اسکول پہنچے تو ہر طرف ماتم ہی ماتم تھا، اسکول کی دیواریں لہو رنگ تھیں۔ پرنسپل، اساتذہ اور بچوں نے اپنی جانیں قربان کیں، پھولوں کے شہر کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا، سانحہ قیامت سے کم نہ تھا، آج بھی شہداء کی یادیں اشک بن کر آنکھوں سے رواں ہیں، قریہ قریہ شہر شہر ننھے مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

لہو سے جلے علم کے چراغ آج بھی روشن ہیں۔ اپنے پیاروں اور لخت جگر کو کھونے والوں کے حوصلے بلند ہیں، سانحے کو قوم نے طاقت ور بنادیا جنہوں نے دہشت گردوں کے خلاف مل کر لڑنے کا پختہ عہد کیا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ عوام اور پاک فوج سیسہ پلائی دیوار بن کر دہشت گروں سے لڑی اور اسی کی بدولت ملک میں امن ہوا اور یہ مثالی جدوجہد ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں