آکسفورڈ : سانحہ اے پی ایس کو گزرے چھ سال ہو گئے لیکن اس کے زخم آج بھی تازہ ہیں احمد نواز دہشت گردی کے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے وہ طالب علم ہیں جن کے بھائی حارث نواز اسی سانحہ میں شہید ہوئے احمد نواز شدید زخمی حالت میں برطانیہ گئے اور علاج کے بعد نئی زندگی کا آغاز کیا۔
ان دنوں آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں زیر تعلیم احمد نواز نے آج سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ اے پی ایس آج بھی ان کے لیے ڈراؤنا خواب ہے جس نے اس کے بھائی سمیت درجنوں دوستوں کی جانیں لے لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں علاج کے بعد انہوں نے اپنی تمام توجہ اعلیٰ تعلیم کی جانب مبذول کرلی اور میرٹ کی بنیاد پر آج آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔
احمد نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان ان کی روح میں ہے اور جوں ہی حالات نے اجازت دی وہ پاکستان جائیں گے، احمد نواز ان دنوں تعلیم کے ساتھ ساتھ سماجی کام میں بھی مصروف ہیں جہاں وہ پاکستان اور لبنان سمیت کئی دیگر ممالک کے نوجوانوں میں تعلیم کے حصول کی آگاہی پھیلا رہے ہیں۔
احمد نواز نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں تعلیم اور سماجی خدمت کو ترجیح دیں تاکہ ملک و قوم کی عزت و احترام میں اضافہ ہو سکے۔
احمد نواز ان دنوں جس کالج میں تعلیم حاصل کررہے ہیں وہاں سے سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو سمیت دنیا کی نامور شخصیات نے تعلیم حاصل کی ہے لیکن احمد کا سیاست میں حصہ لینے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے وہ اپنی تمام توجہ تعلیم اور سماجی خدمت پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی اسٹوڈنٹس سوسائٹی کے سرگرم رکن بھی ہیں جس کا مقصد پاکستان کی اقدار و روایات اور ثقافت کو دیگر ممالک کے طلباء تک پہچانا ہے۔