عالمی شہرت یافتہ میوزک ڈائرکٹر اے آر رحمان اور فلم’پونیئن سیلوان 2‘پروڈکشن کمپنی ایک بار پھر تنازعات میں پھنس گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن اور ساؤتھ انڈین فلم’پونیئن سیلوان 2‘ کی پروڈکشن ہاؤس پر دہلی ہائی کورٹ نے کاپی رائٹ کے مقدمے میں 2 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کر تے ہوئے عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
اے آر رحمان کا سائرہ بانو سے علیحدگی کے بعد ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی
دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے 25 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سامعین کے نقطہ نظر سے فلم ’پونیئن سیلوان 2‘ میں اے آر رحمان کے گانے’ویرا راجہ ویرا‘جونیئر ڈگر برادران کی کلاسیک پیشکش ’شیو ستوتی‘ سے صرف متاثر نہیں بلکہ اس کی کاپی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے کہا کہ اس طرح کا عمل اصل موسیقاروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے فلم میں جونیئر ڈگر برادران مرحوم استاد این فیاض الدین ڈگر اور مرحوم استاد ظہیر الدین ڈگر کو کریڈٹ دینے اور مرحوم فنکاروں کی فیملی کو 2 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کی ہدایت بھی کی۔
یاد رہے کہ فیاض الدین ڈگر کے بیٹے اور ظہیر الدین ڈگر کے بھتیجے استاد فیاض واصف الدین ڈگر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جونیئر ڈگر برادرز کی تمام موسیقی بشمول ’شیو ستوتی‘ کے کاپی رائٹ کے مالک ہیں اور فلم’پونیئن سیلوان 2‘ میں اے آر رحمان کے گانے’ویرا راجہ ویرا‘ میں ان کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔