بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار اللہ رکھا رحمن المعروف اے آر رحمان نے انکشاف کیا کہ ان کی کامیابی میں ان کی مرحومہ والدہ کا بنیادی کردار ہے۔
اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بات کی جہاں انہوں نے اپنی مرحوم والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی میری والدہ کی مرہون منت ہے۔
گلوکار نے بتایا کہ جب میں نے کام شروع کیا تو میرے پاس اسٹوڈیو بنانے کے لیے پیسے نہیں تھے، ایک خالی کمرے میں کارپٹ پر بیٹھ کر کام کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے بہت سی قربانیاں دیں، انہوں نے اپنا زیور گروی رکھ کر مجھے پیسے دئیے، والدہ کے دئیے گئے پیسوں سے اسٹوڈیو بنایا اور موسیقی کے آلات خریدے جس کے بعد متعدد دھنیں تخلیق کیں جو بہت مشہور ہوئیں۔
بالی ووڈ موسیقار کا مزید کہنا تھا کہ میں بہت چھوٹا تھا جب والد کا انتقال ہوا جس کے بعد ہماری ماں نے ہمیں اکیلے پال کر اس مقام تک پہنچایا۔
خیال رہے کہ اس عظیم موسیقار اے آر رحمان کو اب تک دو آسکر، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے، انہوں نے سینکڑوں فلموں میں موسیقی دی ہیں۔
آے آر رحمان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملنیئر‘ کے ساتھ ’لگان‘ اور ’تال‘ جیسی فلمیں شامل ہیں، جبکہ انہوں نے دنیا بھر کے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔