بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی طلاق کے بعد 2012 میں ان کا دیا گیا انٹرویو وائرل ہوگیا جس میں انھوں نے بتایا تھا کہ انھیں کس طرح کی بیوی چاہیے۔
اپنے میوزک کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنانے والے بھارت کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے 2012 میں میزبان سیمی گریوال کے مشہور چیٹ شو میں شرکت کی تھی جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ موسیقار نے محبت کرنے کے بجائے ارینج میرج کا انتخاب کیوں کیا۔
اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ میرے پاس محبت کا وقت ہی نہیں تھا، میں اس دوران بہت ساری فلموں کی موسیقی ترتیب دے رہا تھا، جب میں 29 سال کا ہوا تو میں نے اپنے والدہ سے کہا کہ میرے لیے دلہن ڈھونڈ لیں۔
میزبان نے ان سے لڑکی کی خصوصیات کے بارے میں پوچھا تو اے آر رحمان نے بتایا کہ انھیں سادہ بیوی چاہیے جو ان کے لیے زیادہ مشکلات کھڑی نہ کرے تاکہ میں اپنے میوزک کو وقت دے سکوں۔
بھارتی موسیقار نے مزید بتایا کہ ایک صوفی کے مزار کے قریب ان کی والدہ کی سائرہ کی بہن سے ملاقات ہوئی تھی، اس کے بعد سے چیزیں خو بخود ہوتی گئیں اور میری سائرہ سے شادی ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کی جانب سے اپنی شادی کے تقریباً تین دہائیوں کے بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
ان کی طرف سے آفیشل بیان میں کہا گیا تھا کہ ’مسز سائرہ اور ان کے شوہر معروف موسیقار اللہ رکھہ رحمان (اے آر رحمان) کی طرف سے اور ان ہدایت پر، وندنا شاہ اینڈ ایسوسی ایٹس جوڑے کے علیحدگی کے فیصلے کے بارے میں درج ذیل بیان جاری کررہے ہیں‘۔
شادی کے کئی سالوں بعد مسز سائرہ اور ان کے شوہر مسٹر اے آر رحمان نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں اہم جذباتی تناؤ کے بعد آیا ہے، ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود، جوڑے نے محسوس کیا ہے کہ تناؤ اور مشکلات نے ان کے درمیان ایک ناقابل تسخیر خلیج پیدا کر دی ہے۔
اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی شادی 29 برس تک قائم رہی، اے آر رحمان اور سائرہ کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، موسیقار کے بیٹے نے بھی انسٹاگرام پرعلیحدگی کی تصدیق کردی تھی۔