مکہ : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پامالی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مکہ معظمہ میں شروع ہونے والے عرب سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی آبیاری کرتا ہے، ایران کا سامنا کرنے کے لیے عالمی برادری سعودی عرب کی مدد کرے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ایران دہشت گردوں کو مالی معاونت کے ساتھ اسلحہ بھی فراہم کررہا ہے جس سے تجارتی جہاز رانی اور تیل کی عالمی سپلائی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، تہران کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
سعودی فرمانروا نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور سلامتی قائم رکھنے کا خواہش مند ہے، ہم جنگ کی ہولناکیوں سے بچنا چاہتے ہیں، امن کے لیے سعودی عرب ہمیشہ پیش قدمی کرتا رہے گا، حالیہ واقعات ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ خلیج تعاون کونسل کی کامیابیوں کو محفوظ بنایا جائے۔
Arab Summit final statement: Confirms the unity and solidarity of the GCC, highlighting their unified stance#Makkah #GCCArabSummit #MakkahSummits pic.twitter.com/ANy4gWn47U
— Arab News (@arabnews) May 30, 2019
اجلاس کے اعلامیے میں عرب رہنماؤں نے متفقہ طور پر ایران کے شام اور بحرین میں منفی کردار کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کے تین جزیروں پر ناجائز قابض ہونے پر ایران کو باز رہنے کی تنبیہ کی گئی۔
عرب سربراہ اجلاس سے تیونس کے صدر الباجی قاید السیسی نے سعودی عرب کی طرف سے اجلاس بلانے کا خیرمقدم کیا اور کہا سعودیہ نے تمام عرب اقوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے عرب لیگ کا اجلاس منعقد کیا، انہوں نے شاہ سلمان کا عرب سربراہ اجلاس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔