سعودی عرب کے قومی دن ”یومِ وطنی“ کے موقع پر عرب سربراہان مملکت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بحرینی فرمانروا شاہ حمد آل خلیفہ اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح، سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق، اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی نے 93 ویں یوم وطنی پر مبارک باد دی ہے۔
شاہ بحرین نے کہا ہے کہ ان کا ملک مضبوط سٹراٹیجک شراکت کے ماحول میں سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ جدوجہد، کارآمد تعاون کا مسلسل فروغ چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مفادات پورے ہوں اور دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے‘۔
تہنیتی پیغام میں بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کا کہنا ہے کہ ’بحرین اور سعوی عرب اور دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے برادرانہ، تاریخی، مستحکم اور گہرے ہیں‘۔
یوم وطنی پر تہنیدی پیغام میں بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے کہا کہ چاہتے ہیں مضبوط اسٹراٹیجک شراکت کے ماحول میں مملکت کے ساتھ مزید تعاون، مشترکہ جدوجہد اور مکمل یکجہتی مضبوط سے مضبوط تر ہو اور اس کا سلسلہ رواں دواں رہے۔ بحرینی ولی عہد نے خطے میں اقتصادی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے سعودی عرب کے مشن کی تعریف کی۔
شاہ بحرین نے کہا کہ سعودی قیادت امن و استحکام، ترقی و خوشحالی اور آنے والی نسلوں کے لیے شاندار مستقبل کیلیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے سعودی قیادت میں مملکت کے طریقہ کار اور خطے میں اقتصادی خوشحالی و ترقی کے حوالے سے رجحانات اور کوششوں کی ستائش کی۔
امیر کویت نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد میں سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں جو ترقیاتی کارنامے انجام دیے انہیں اس پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کویت کے گہرے، تاریخی، برادرانہ اور مستحکم تعلقات ہیں۔
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویتی وزیراعظم احمد نواف الاحمد الصباح کی جانب سے جاری کئے مبارکباد کے پیغام میں ’ہر سطح پر سعودی عرب کی ترقیاتی و تمدنی کارکردگیوں کی تعریف کی‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی 93 ویں یوم وطنی کی مبارکباد دی۔ قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔