پشاور: کرکٹ شائقین کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ عرصہ دراز سے بے توجہی کا شکار ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے آفیشل فیس بک سے جاری بیان کے مطابق ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں گراس اور پچز تیار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے
واضح رہے کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی توسیعی منصوبہ کئی مرتبہ التوا کا شکار ہوا، رواں سال جنوری میں بھی اس کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا گیا جو کہ چند روز ہی چل سکا اور اسے بند کردیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک، یونس خان کی تعریف کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے
پشاورمیں بین الاقوامی کرکٹ کے متعدد میچز کی نمائندگی کرنے والے ارباب نیاز اسٹیڈیم کے توسیعی منصوبے کی ابتدائی لاگت ایک ارب چالیس کروڑ روپے تھی
یاد رہے کہ 2006 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اسٹیڈیم میں موجود سہولیات پر اعتراض کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ وہ وہاں سہولیات کو یقینی بنائیں۔
اسی اسٹیڈیم میں آخری ایک روزہ میچ 2006 میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے سات رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1995 جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 2003 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔