پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اریج چوہدری نے سیٹ پر پیش آنے والا خوفناک واقعہ صارفین کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔
اریج چوہدری پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں انہوں نے ہٹ پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکارہ نے حال ہی میں دو ہٹ ڈراموں ترک وفا اور کبھی میں کبھی تم میں کام کیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ اریج چوہدری اداکارہ سارہ عمیر اور اداکارہ میمونہ قدوس کے ہمراہ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو میں شریک شرکت کی، اس دوران انہوں نے سیٹ پر پیش آئے خوفناک حادثے کا انکشاف کیا۔
اریج چوہدری نے کہا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب میں لاہور میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کر رہی تھی اور وہ میرا پہلا ڈرامہ تھا جس میں، میں مرکزی کردار ادا کاررہی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک مرتبہ شوٹنگ کے دوران میں نے سیٹ پر محسوس کیا کہ ایک جگہ ہمارے ٹیکنیشن سمیت دیگر مردوں کا عملہ گروپ بنا کر گھوم رہا ہے اور غیر معمولی انداز میں بات چیت بھی کررہا ہے۔
اریج چوہدری کے مطابق مجھے یہ سب غیر معمولی لگا اس لیے میں نے اس جگہ جاکر دیکھا تو پتہ چلا کہ وہاں موجود کمرے میں ایک جونیئر اداکارہ کپڑے تبدیل کررہی تھی اور کمرے میں ایسے شیشے لگے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس شیشے کے ذریعے باہر کھڑے افراد اندر کمرے کا منظر مکمل طور پر دیکھ سکتے تھے لیکن کمرے میں موجود لڑکی اس بات سے بے خبر تھی جب کہ ایک لڑکے نے اس منظر کو نوٹ کرکے دیگر مردوں کو بھی وہاں بلالیا تھا، میں نے صورتحال سمجتے ہوئے وہاں سے ان لڑکوں کو ہٹنے پر مجبور کیا۔
اریج کا کہنا تھا کہ اس لڑکی کے کمرے سے نکلنے کے بعد میں نے اسے دور لے جاکر ساری صورتحال بتائی تو وہ پریشان ہوکر رونے لگ گئی جس پر میں نے اسے سمجھایا کہ اب جو ہونا تھا وہ ہوگیا لیکن آئندہ احتیاط سے کام لینا۔