اداکارہ اریج چوہدری کی ایم کے 18 رائفل چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ اریج چوہدری نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں بڑی مہارت سے ایم کے 18 رائفل چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’طاقت سے زیادہ درستگی ضروری ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوال کیا جارہا ہے کہ یہ ’کس فلم یا ڈرامے کی شوٹنگ کی ویڈیو ہے۔‘
اریج چوہدری کی جانب سے ویڈیو کی تفصیل سے آگاہ نہیں کیا گیا کہ آیا یہ شوٹنگ کی ویڈیو ہے یا پھر ایسے ہی شوق میں وہ رائفل چلا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اریج چوہدری نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں معاون اداکارہ کا کردار نبھایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔
ڈرامے میں اریج چوہدری اپنی دوست کو دھوکا دیتی ہیں اور شادی شدہ ہونے کے باوجود اس کے شوہر سے تعلقات بڑھا لیتی ہیں۔
اس سے قبل انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں تقریبا ہر طرح کے ہتھیار چلانے آتے ہیں، انہوں نے اسلحہ چلانے کی باقاعدہ تربیت لے رکھی ہے۔
ان کے مطابق انہیں بچپن سے ہتھیار چلانے اور اسلحہ رکھنے کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے شوٹنگ کی باضابطہ تربیت حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے اپنے ساتھ ہتھیار بھی رکھنا شروع کردیا۔
اریج چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ہمیشہ ہتھیار ہوتا ہے، گاڑی اور پرس میں ان کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ موجود ہوتا ہے۔
ماڈل و اداکارہ نے بتایا کہ اسلحہ ساتھ رکھنے کی وجہ سے ہی انہوں نے ایک مرتبہ اپنے مبینہ اغوا کی کوشش کو ناکام بھی بنایا۔
ان کے مطابق پاکستان ایک غیر محفوظ ملک ہے، جہاں آئے دن خواتین کے ساتھ کچھ نہ کچھ ہوجاتا ہے، ایسے میں خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔