یروشلم: فلسطینیوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد ارجنٹینا نے اسرائیل سے مقبوضہ بیت المقدس میں کھیلا جانے والا دوستانہ فٹبال میچ منسوخ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا اور اسرائیل میں دوستانہ فٹبال میچ 9 جون کو مقبوضہ بیت المقدس میں کھیلا جانا تھا جس سے متعلق ارجنٹینا میں فلسطینی سفیر اور فلسطینی عوام نے میچ کے انعقاد پر کڑی تنقید کی تھی۔
ارجنٹینا میں تعینات فلسطینی سفیر کا کہنا ہے کہ بیت المقدس ایک مقبوضہ علاقہ ہے، مقبوضہ علاقے میں فٹبال میچ کا انعقاد فلسطینیوں کے لیے ناقابل قبول ہے، ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم فلسطین سمیت عرب دنیا میں بہت مقبول ہے۔
میسی اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلیں، فلسطینیوں کی اپیل
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مقبوضہ بیت المقدس میں میچ ہوا تو یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی افواج قابض ہیں یہاں کے معصوم نہتے فلسطینی عوام کبھی ایسے میچ کو قبول نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لائنل میسی کے مداح فلسطینی بچوں نے اپیل کی تھی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلیں، فٹبالر میسی کو ان کے فلسطینی مداحوں نے خط لکھا تھا کہ وہ اسرائیل کے دوستانہ فٹبال میچ میں شرکت نہ کریں۔
علاوہ ازیں فلسطین فٹبال فیڈریشن کے سربراہ ’جبرائیل رجب‘ نے بھی اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ منسوخ کرنے کے لیے ارجنٹائن سے درخواست کی تھی، خیال رہے کہ روس میں فٹبال ورلڈ کپ کے اس ماہ شروع ہونے سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان 9 جون کو دوستانہ میچ کھیلا جانا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔