جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ارجنٹائن کی نائب صدر کو کرپشن پر بڑی سزا مل گئی

اشتہار

حیرت انگیز

بیونَس آئرس: ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنینڈس کِرچنر کو کرپشن پر تاحیات نااہل قرار دے کر 6 سال قید کی سزا دے دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کی ایک عدالت نے نائب صدر کرسٹینا فرنانڈس ڈی کِرچنر کو بدعنوانی کے الزام میں چھ سال قید کی سزا سنائی ہے، اس فیصلے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

69 سالہ فرنانڈس کو ایک دوست کو عوامی کام کے ٹھیکے دینے پر ’دھوکا دہی پر مبنی انتظامیہ‘ کا قصور وار پایا گیا، تین ججز کے پینل نے کرسٹینا کو سزا سنائی۔

عدالت نے کہا کہ کرسٹینا فرنینڈس نے اپنے دورِ صدارت میں لاکھوں ڈالر کا غبن کیا، نائب صدر پر سڑکوں کے منصوبوں پر رشوت لینے کا بھی الزام ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ سزا ہونے کے باوجود نائب صدر کے جیل میں رہنے کا امکان نہیں ہے، کرسٹینا کو اپنی حکومتی ذمہ داریوں کی وجہ سے کچھ استثنیٰ حاصل ہے اور توقع ہے کہ وہ اپیلوں کا ایک طویل عمل شروع کریں گی۔

کرسٹینا پر تاحیات عوامی عہدے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، لیکن وہ نائب صدر کے طور پر اپنے کردار کو جاری رکھیں گی، جب تک یہ مقدمہ اعلیٰ عدالتوں میں چل رہا ہے۔ واضح رہے کہ استغاثہ نے 12 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرسٹینا نے فیصلے کے بعد کہا کہ ان کے خلاف الزامات سیاسی نوعیت کے ہیں، انھوں نے خود کو ’عدالتی مافیا‘ کا شکار بھی قرار دیا۔ اس فیصلے سے قبل انھوں نے استغاثہ پر جھوٹ بولنے اور بہتان لگانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ارجنٹائن میں اپنے عہدے پر رہتے ہوئے کسی نائب صدر کو کسی جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں