جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

کراچی : شادی میں ہوائی فائرنگ، میڈیکل کی طالبہ جان سے چلی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نیو کراچی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران گھر کی چھت پر کھڑی لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں فائرنگ کی زد میں آکر چھت پر کھڑی طالبہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 27 سالہ لائبہ کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش قانونی کاروائی کیلیے اسپتال پہنچا دی گئی۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ہمارے پڑوس میں احمد رضا نامی نوجوان کی شادی تھی، تقریب میں موجود افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی تھی۔

خاتون کے بھائی نے بتایا کہ لائبہ میڈیکل کی اسٹوڈنٹ اور گھر کی چھت پر امتحانات کی تیاری کر رہی تھی کہ اسے گولی لگ گئی۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ لائبہ کو سر پر ایک گولی لگی جو اس کی موت کی وجہ بنی، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے لیاری میں گھر کی چھت پر کھیلنے والی ننھی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں : چھت پر کھیلتی ڈھائی سالہ بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق، 

متوفیہ بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر اور چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچی کے سر میں لگی جس سے جاں بحق ہوئی۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں