ممبئی: بالی ووڈ کےسلطان سپر اسٹار سلمان خان اورگلوکارارجیت سنگھ کے درمیان سرد جنگ کا خاتمہ ہوگیا جس کے بعد اب وہ سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں آواز کا جادو جگائیں گے.
تفصیلات کےمطابق کروڑوں دلوں کی جان بالی ووڈ کےحقیقی سلطان سپراسٹار سلمان خان نے ارجیت سنگھ کی معافی کی درخواست قبول کرلی اور اب نامور گلوکار ارجیت سنگھ سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ کے لیےگانا گائیں گے.
یاد رہے اس سے قبل بالی ووڈاسٹار سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘سے ارجیت سنگھ کی آواز میں گایا ہوا گیت ’’جگ گھومیا‘‘ نکال دیا گیا تھا جس پر گلوکار نے سوشل میڈیا پر دبنگ خان سے معافی مانگتے ہوئے گیت کو فلم میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی.
*بھارتی گلوکارارجیت سنگھ کو سلمان خان کی توہین مہنگی پڑ گئی
دوسری جانب سلمان خان نے گلوکار کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے فلم سے گیت نکلوانے کی تردید کی تھی لیکن اب دونوں شخصیات میں جاری سرد جنگ ختم ہوگئی جس کے باعث ارجیت سنگھ کو سلمان خان کی فلم میں گانے کا موقع مل گیا.
رپورٹس کے مطابق گلوکار ارجیت سنگھ ہدایت کارکبیر خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کے لیے اپنی آواز کا جادو جگائیں گےاورگانے کو فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سپر اسٹار سلمان خان پر فلمایا جائے گا.
واضح رہےکہ گلوکار ارجیت سنگھ نے بھی سلمان خان کی فلم کے لیے گیت گانے کی خبر کی تصدیق کردی ہے.