یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج 85 واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ تقریب ہوئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی تھے۔
صدر آصف زرداری کی روایتی بگھی میں آمد ہوئی اور بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا۔ صدر مملکت کا استقبالیہ کمیٹی نے ارکان سے مصافحہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود تھے جب کہ تقریب میں غیر ملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس سال رمضان المبارک کے باعث یوم پاکستان کی تقریب محدود پیمانے پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں یوم پاکستان پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
مارچ پاسٹ کرتے ہوئے فوجی دستوں نے صدر آصف زرداری کو سلامی دی۔ اس موقع پر آرمی میوزک اسکول کی جانب سے خوبصورت دھنیں بجائی گئیں۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کیا اور پاک فضائیہ کی شیردل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا۔