ابوجہ: نائیجیریا میں مسلح افراد نے اسکول پر دھاوا بولا اور 140 طلبہ کو اغوا کر کے اپنے ساتھ جنگل کی طرف لے گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کے جنوبی علاقے میں واقعہ کادونا ریاست میں قائم بیتھل بپتیت ہائی اسکول میں رات گئے مسلح افراد داخل ہوئے جنہوں نے اسلحے کے زور پر ہاسٹل میں رہنے والے 140 سے زائد طلبہ کو اغوا کرلیا۔
مسلح افراد نے مزاحمت کرنے پر چوکیدار کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ جدید اسلحے سے لیس افراد اسکول میں داخل ہونے کے بعد بچوں کے ہاسٹل تک گئے اور انہیں کئی گھنٹوں یرغمال بنا کر رکھا، بعد ازاں انہیں گاڑیوں میں بھر کر جنگل کی طرف لے کر روانہ ہوگئے۔
نائیجیرین پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ایک سو چالیس بچوں کو اغوا کیا ہے۔ واقعے کے بعد حکومت نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کیا اور فوری طور پر مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے جنگل جانے والے تمام راستوں پر ناکے لگائے اور ریسکیوآپریشن کیا، جس میں خاتون ٹیچر سمیت 26 افراد کو بازیاب کرالیا گیا جبکہ بقیہ کا تاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا۔
مزید پڑھیں: نائیجیریا میں 279 طالبات کو نئی زندگی مل گئی
میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھی تک کسی گروہ نے بچوں کے اغوا یا اسکول پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے مہینے میں بھی مسلح افراد نے اسکول میں دھاوا بول کر 279 طالبات کو اغوا کرلیا تھا، بعد ازاں اغوا کاروں نے ایک ہفتے بعد بعد تمام لڑکیوں کو بغیر نقصان پہنچائے رہا کردیا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت اور اغوا کاروں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تمام طالبات کی رہائی عمل میں آئی۔ رہائی پانے والی لڑکیوں کو سرکاری رہائش گاہ منتقل کیا گیا، جہاں اُن کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا تھا۔