اتوار, مارچ 30, 2025
اشتہار

گوادر : کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے 6 مسافروں کو قتل کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

گوادر: کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 6 مسافروں کو قتل کردیا ، جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق ہوگئے۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا گزشتہ شب گوادر کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردوں کی جانب سے گاڑیاں روک کر مسافروں کی شناخت پریڈ کی گئی اور ناکہ بندی کے دوران فائرنگ کرکے 6 مسافروں کو قتل کیا گیا اور تین مسافروں کو یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کوسٹل ہائی وے کلمت کے مقام پر گئی حملہ آوروں نے دو باوزرز گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا، سیکورٹی فورسز کا علاقے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ واقعہ کلمت کےمقام پر پیش آیا اور حملہ آوروں نے گوادر سے کراچی جانے والے مسافروں پر فائرنگ کی تاہم فورسزکی نفری حادثے کی جگہ روانہ کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پرفائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین اور قرارواقعی سزایقینی بنانےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندعناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرپسندعناصرکی معصوم لوگوں کےخلاف بزدلانہ کارروائیاں انکی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں، شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں کی پذیرائی کی اور کہا سیکیورٹی فورسز کے افسران وجوان شب وروزملک دشمن عناصرکےعزائم کو خاک میں ملا رہےہیں، مجھ سمیت پوری قوم کواپنی سیکیورٹی فورسز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اورجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرکے معصوم لوگوں کونشانہ بنایا، بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، شناخت کرکے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں