اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں ملک کے مختلف شہروں میں بینرز لگانے والی تنظیم موآن پاکستان سے تعلق رکھنے والے تین ملزموں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا۔
ملزمان میں این جی او کے سربراہ محمد کامران اور ارکان علی رضا اور محمد عاطف شامل ہیں۔علی رضا اور محمد عاطف کو اسلام آباد پولیس نے ایف 6 کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپے میں گرفتار کیا گیا۔
این جی او کے سربراہ محمد کامران پہلے ہی راولپنڈی پولیس کی تحویل میں تھے اور ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں تھے جہاں سے اسلام آباد پولیس نے اُنھیں اپنی تحویل میں لے لیا۔تینوں ملزمان کو اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں پیش کرکے ان کا تین روز جسمانی ریمانڈ پر حاصل کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اب انہیں دوبارہ 8 اگست کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق ملزمان کے خلاف عام افرادکی مدعیت میں اب تک چار مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور یہ مقدمات لاہو، فیصل آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد میں درج کیے گئے ہیں۔فیصل آباد میں درج ہونے والے مقدمے میں وہاں کی مقامی پولیس نے ملزم کامران کی ضمانت منظور کر لی تھی تاہم دیگر مقدمات میں انھیں گرفتار کیا گیا۔
ان مقدمات میں ملزمان پر لوگوں کو حکومت کے خلاف بغاوت کے لیے اکسانے کی دفعات لگائی گئی ہیں اور جرم ثابت ہونے پر اس کی سزا عمر قید ہے۔