اسلام آباد : جنرل قمرجاوید باجوہ وزیر اعظم ہاﺅس پہنچ گئے، آرمی چیف وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کا امکان ہے، جنرل باجوہ اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم جلاس جاری ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے اعتراضات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے پیش نظر ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق سمری میں ترمیم پر مشاورت بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف وزیراعظم سے موجودہ حالات کے تناظر میں اہم ملاقات کریں گے اور ان کی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بھی شریک ہیں، اجلاس میں سینئر وزراءاور پی ٹی آئی رہنما اور حکومت کی قانونی ٹیم بھی شریک ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کیے جانے کے بعد آج پھر سماعت ہوئی۔
عدالت نے سماعت کے دوران حکومت کو مہلت دی کہ کل تک اس مسئلہ کا حل نکالے ورنہ آئینی ذمہ داری پوری کریں گے۔