راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزید 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی، معصوم شہریوں اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے قتل میں ملوث 10خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔
مجرم دہشتگرد حملوں، معصوم شہریوں ، فوجی افسران کیپٹن جنید خان، کیپٹن نجم ریاض راجہ،نائیک شاہد رسول اور ایس ایس جی کے لانس نائیک شکیل کو شہید کرنے میں ملوث تھے جبکہ دہشتگرد تعلیمی اداروں سمیت قومی املاک کوتباہ کرنے، پاک فوج کےجوانوں کوشہید اورذخمی کرنے میں بھی ملوث تھے۔
دہشتگردوں سے خطرناک اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا، سزا پانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیموں کے ارکان بھی شامل ہیں۔
سزاپانے والوں میں حنیفہ، تیراہ گل، خائستہ محمد، علی ریحان ، نثار علی ، خیل جان، پاؤ جان ، محمدولی ،فضل علی اور محمد علی شامل ہیں، مجرموں پر دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے الزام ثابت ہوا۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی
یاد رہے گزشتہ ماہ بھی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے شہریوں،خواتین پولیو ورکرز اور این جی او ورکرز سمیت ملٹری، سیکیورٹی اور سول اہلکاروں کے قتل میں ملوث 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی تھی۔