راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک نے ملاقات کی ہے، انہوں نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کے مثبت نتائج کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل نکولس پیٹرک جو دو روزہ دورے پرپاکستان آئے ہیں انہوں نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر دوطرفہ امور سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطےمیں قیام امن کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
https://www.facebook.com/OfficialDGISPR/videos/1876724502624995/
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل نکولس پیٹرک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں اور پاک افغان بارڈر پر اقدامات قابل قدر ہیں، معزز مہمان نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کے مثبت نتائج کو بھی سراہا۔
جنرل سرنکولس پیٹرک نے پیغام پاکستان فتویٰ کی بھی تعریف کی، بعد ازاں جنرل سرنکولس پیٹرک نے آرمی چیف کے ہمراہ بلوچستان کےعلاقے گردی جنگل کا بھی دورہ کیا،۔
برطانوی ہائی کمشنر، دفاعی اتاشی ،کمانڈر جنوبی کمانڈ بھی جنرل نکولس پیٹرک کے ہمراہ تھے۔ گردی جنگل کا علاقہ جہاں آج کل زیادہ تر افغان پناہ گزین رہائش پذیرہیں، یہ علاقہ آپریشن ضرب عضب سے پہلے دہشت گردوں اور اسمگلروں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا۔
تاہم پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں کے باعث یہ علاقہ اب دہشت گردوں اور منشیات فروشوں سے پاک ہوچکا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی وفد کو صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنز پرتفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔