راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کا جواب مؤثر انداز میں دیا جائے، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے لائن آف کنٹرول کا دورے کے موقع پر جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔
Kulbhushan Yadav’s matter will be taken to… by arynews
اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا بھی موجود تھے، آرمی چیف کو جی او سی کی جانب سے آپریشنل صورتحال پربریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرانہوں نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
پاک فوج پاکستانی اور کشمیری عوام کے تحفظ کی اپنی ذمے داری ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اورمقبوضہ کشمیرسے توجہ ہٹانے کا ایک منہ بولتا ثبوت کلبھوشن یادیو ہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔
بھارتی اشتعال انگیزیاں مقبوضہ کشمیرمیں زیادتی اورجبرتوجہ ہٹانےکیلئےہیں، آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اورعوام بھارتی جارحیت سے کشمیریوں کی حفاظت کریں گے، مقبوضہ کشمیرکےعوام کے حق خود ارادیت کیلئےحمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی سے متعلق بھارتی سازشوں سے مکمل آگاہ ہیں، لائن آف کنٹرول پرشہری آبادیوں کو جان بوجھ کرنشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان کا دفاع ہرقیمت پریقینی بنایا جائے گا۔