راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جنرل قمر باجوہ نے باکسر محمد وسیم کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون کواہم قرار دے دیا۔ جنرل قمر باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر پر واضح کردیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون اہمیت کا حامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ورلڈ باکسنگ سلورفلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم نے بھی ملاقات کی۔ جنرل باجوہ نے بہترین کارکردگی پر باکسر محمد وسیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ وطن کے دیگر نوجوان بھی محمد وسیم کی طرح ملک کانام روشن کریں گے۔